سعودی عرب نے ایران کے خلاف جنگ کی حوصلہ افزائی کے الزامات مسترد کر دیے
سعودی عرب ان خلیجی ممالک میں شامل ہے جو خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کو کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
سعودی عرب نے ایران کے ساتھ جاری کشیدگی کے حوالے سے امریکی میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹ کی سختی سے تردید کر دی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی قیادت ایران کے خلاف طویل جنگ کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔
سعودی سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔ ذرائع نے واضح کیا کہ سعودی قیادت کی جانب سے ایسی کسی پالیسی یا موقف کا اظہار نہیں کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع نے مزید کہا کہ سعودی عرب ان خلیجی ممالک میں شامل ہے جو خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کو کم کرنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔
مزید برآں، سعودی حکام نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ مملکت کسی بھی ممکنہ جنگ کا حصہ نہیں بنے گی اور خطے میں امن قائم کرنے کو اپنی اولین ترجیح دے رہی ہے۔
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور مختلف ممالک اپنے اپنے موقف واضح کر رہے ہیں۔