بنگلہ دیش: مسافروں سے بھری بس دریا میں گر گئی، 2 خواتین جاں بحق ، درجنوں لاپتہ
بس فیری پر چڑھ رہی تھی کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکی اور 30 فٹ گہرے پانی میں غرق ہوگئی ، عینی شاہدین
فائل فوٹو
ڈھاکا: بنگلہ دیش کے وسطی علاقے میں عید کی چھٹیوں کے بعد واپسی کے سفر کے دوران ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے۔ راجباڑی کے دولت دیا فیری ٹرمینل پر ڈھاکہ جانے والی مسافر بس فیری پر سوار ہوتے وقت بے قابو ہو کر دریائے پدما میں جا گری۔ حادثے کے نتیجے میں اب تک دو خواتین کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ درجنوں مسافر اب بھی لاپتہ ہیں۔
مقامی میڈیا (چینل 24) کے مطابق، بس میں کم از کم 40 مسافر سوار تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس فیری پر چڑھ رہی تھی کہ اچانک توازن برقرار نہ رکھ سکی اور 30 فٹ گہرے پانی میں غرق ہوگئی۔ فائر سروس حکام کا کہنا ہے کہ بس ڈوبنے سے قبل 5 سے 7 مسافر کھڑکیوں سے کود کر اپنی جان بچانے میں کامیاب رہے، جبکہ اب تک 17 افراد کو غوطہ خوروں نے بحفاظت نکال لیا ہے۔
فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کے دو یونٹس جائے وقوعہ پر امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، جبکہ ڈھاکہ اور فرید پور سے مزید ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔ حکام ایک خصوصی ریسکیو جہاز کی مدد سے دریا کی تہہ میں موجود بس کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ابھی تک لاپتہ افراد کی حتمی تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔