سعودی عرب اور خلیجی ممالک کو ایک اور طاقتور طوفان سے خطرہ

موسلا دھار بارش، شدید آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا خدشہ ہے،ماہرین موسمیات

               
March 25, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

ریاض : ماہرین  موسمیات کے مطابق طاقتور  طوفان  سعودی عرب   اور  خلیجی خطےکی جانب بڑھ رہا ہے، جس کی وجہ سے موسلا دھار بارش، شدید آندھی اور گرد آلود ہواؤں کا خدشہ ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق ہفتے کے اختتام تک مختلف علاقے بارشوں سے شدید متاثر ہوسکتے ہیں،  آج  اور جمعرات کو  تیز بارش اور  ہوا کی رفتار 60 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوسکتی ہے۔

سعودی محکمہ موسمیات  نے حد نگاہ  متاثر  اور  ساحلی علاقوں میں اونچی لہریں پیدا ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔ساحلی علاقوں میں لہروں کی اونچائی 2.5 میٹر سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  یواے ای میں طوفانی بارش کے باعث پانی گھروں میں داخل ہونےکا خدشہ ہے۔رہائشیوں نے گھروں کو پانی سے بچانے کے  لیےریت کی بوریاں خرید لی ہیں، متعدد افراد  پلاسٹک شیٹس لگا کر گھروں کو سیلاب سے بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔  اماراتی محکمہ اوقاف کی  جانب سے شدید بارش کے دوران نماز گھر میں ادا کرنے کی اپیل کی گئی ہے،  یہ اقدام خراب موسمی حالات اور عوام کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے بچایا جا سکے۔

اماراتی محکمہ اوقاف نے مساجد کے آئمہ کرام کو  بھی ہدایت دی ہےکہ وہ بارش سے متاثرہ علاقوں میں اذان کے فوراً بعد لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلان کریں کہ وہ  اپنے گھروں میں نماز ادا کریں۔محکمہ اوقاف نے یہ بھی ہدایت کی  ہےکہ اگر مساجد میں نماز ادا کی جا رہی ہو تو ظہر اور عصر کی نمازیں جمع کرکے پڑھی جائیں، اسی طرح مغرب اور عشاء کی نمازیں بھی اکٹھی ادا کی جائیں۔