پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ ایک بار پھر سج گیا

ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور نئی ٹیم حیدر آباد کنگز مین آمنے سامنے ہوں گی۔

               
March 26, 2026 · اسپورٹس

پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا میلہ پاکستان سپر لیگ ایک بار پھر سج گیا ہے اور آج سے سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز ہو رہا ہے۔ ایونٹ کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور نئی ٹیم حیدر آباد کنگز مین آمنے سامنے ہوں گی۔

رواں سیزن کے میچز لاہور اور کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ تاہم سیکیورٹی اور توانائی سے متعلق خدشات کے باعث شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت نہیں ہوگی اور میچز صرف ٹی وی اور براہِ راست نشریات کے ذریعے دیکھے جا سکیں گے۔

شاہین شاہ آفریدی نے ایونٹ کے آغاز پر کہا کہ لیگ کے ابتدائی دس سال انتہائی کامیاب رہے اور آئندہ بھی اسی روایت کو برقرار رکھنے کی کوشش کی جائے گی۔

بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹیم کی کوشش ہوگی کہ شائقین کے بغیر بھی بہترین کارکردگی دکھائی جائے، اگرچہ میدان میں تماشائیوں کی موجودگی کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھاتی ہے۔

محمد رضوان نے ٹیم کے امتزاج کو بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسی سے کارکردگی میں بہتری آئے گی۔ جبکہ ایشٹن ٹرنر نے نئی ذمہ داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بہتر کھیل پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

مارنس لبوشین کے مطابق لیگ کا ہر میچ دباؤ سے بھرپور ہوتا ہے اور بڑے میدان پر خود کو ثابت کرنا ضروری ہوتا ہے۔ دوسری جانب ڈیوڈ وارنر نے اپنی ٹیم پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کا مجموعہ مضبوط ہے اور وہ اچھا کھیل پیش کریں گے۔

کرکٹ شائقین ایک بار پھر چھکوں اور چوکوں کی برسات دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں اور ایونٹ کے دلچسپ مقابلوں کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔