اگر امریکا پیش قدمی کرتا ہے تو حساس تنصیبات پر شدید حملے کیے جائیں گے۔ایرانی سپیکر

ایران اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

               
March 26, 2026 · بام دنیا

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکا خطے میں مزید پیش قدمی کرتا ہے تو حساس تنصیبات پر شدید حملے کیے جائیں گے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ امریکا ایک ملک کے ساتھ مل کر ایرانی جزیرے پر قبضے کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔ قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مذاکرات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا سے فی الحال کوئی براہِ راست بات چیت نہیں ہو رہی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا مختلف ثالثوں کے ذریعے پیغامات بھیج رہا ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ باقاعدہ مذاکرات جاری ہیں۔ اعلیٰ حکام خطے میں امن اور پیش کی گئی تجاویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔

عباس عراقچی کے مطابق ایران اپنی دفاعی پالیسی برقرار رکھے ہوئے ہے اور اس وقت کسی بھی مذاکرات کا ارادہ نہیں، ایران جنگ کا خواہاں نہیں، مگر کسی کے سامنے نہیں جھکے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا اپنے جنگی مقاصد میں ناکام ہو چکا ہے، خطے میں قائم اڈوں کے باوجود علاقائی ممالک کے تحفظ میں کامیاب نہیں ہو سکا، اور پڑوسی ممالک کو امریکا سے فاصلے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔