طور خم بارڈر جزوی طور پر کھول دی گئی

پہلے روز طورخم بارڈر سے 50 افراد نے سرحد عبور کی, اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل

               
March 26, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پشاور: پاکستان اور افغانستان کی سرحد طورخم جزوی طور پر کھول دی گئی ہے۔

لنڈی کوتل میں حمزہ بابا مزار کے قریب قائم ہولڈنگ کیمپ سے 50 افغان شہریوں پر مشتمل پہلا قافلہ طورخم بارڈر کے ذریعے افغانستان روانہ کر دیا گیا، اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل انعام اللہ وزیر اور سیکیورٹی فورسز کے حکام موجود تھے جنہوں نے افغان شہریوں کو خوش اسلوبی کے ساتھ ان کے وطن روانہ کیا۔

پاک افغان طورخم بارڈر حالیہ سیکیورٹی کشیدگی کے بعد محدود پیمانے پر کھول دیا گیا ہے جہاں فی الحال صرف غیر قانونی رہائش پذیر افغان مہاجرین کی واپسی کی اجازت دی جا رہی ہے۔

حکام کے مطابق بارڈر گزشتہ ایک ماہ سے بند تھا جس کے باعث مہاجرین کی واپسی کا عمل بھی متاثر ہوا جبکہ مجموعی طور پر پانچ ماہ سے زائد عرصے سے تجارت اور عام شہریوں کی آمدورفت بھی معطل ہے اور تاحال بحال نہیں ہو سکی۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر بارڈر کو صرف افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے کھولا گیا ہے جبکہ تجارتی سرگرمیاں اور عام لوگوں کی نقل و حرکت بدستور بند رہے گی۔
دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائیوں کے دوران متعدد افغان باشندوں کو گرفتار کر کے فارن ایکٹ کی دفعہ 14 کے تحت طورخم بارڈر کے راستے افغانستان واپس بھیج دیا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ برس ستمبر کے آخر میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی اور جھڑپوں کے باعث طورخم سرحد ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کردی گئی تھی۔ تاہم کچھ عرصہ بعد پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان شہریوں کی واپسی کے لیے سرحد کو جزوی طور پر کھول دیا گیا تھا۔

بعد ازاں رواں سال 26 فروری کو دونوں ملکوں کے درمیان ایک بار پھر بڑھتی کشیدگی کے باعث بارڈر کراسنگ مکمل طور پر بند کردی گئی تھی۔ اب دوبارہ بارڈر بھی صرف پاکستان سے غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی کے لیے کھولا گیا ہے۔

اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں وہ افغان شہری جو مختلف جیلوں میں قید تھے ان کو ڈی پورٹ کیا جا رہا ہے۔ ان افغان شہریوں کو لنڈی کوتل میں قائم حمزہ بابا کیمپ سے ضروری کاغذی کارروائی کے بعد بارڈر کراس کرایا گیا۔تے ہیں۔