وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان
پاکستان خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے کے لیے دن رات متحرک ہے ، قوم سے خطاب
فائل فوٹو
اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف کا پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم سے خطاب میں کہا کہ مجھے پیٹرول پر 95 روپے اور ڈیزل پر 203 روپے اضافے کی تجویز دی گئی جو میں نے مسترد کردی ہے اور وفاقی حکومت نے اس ہفتے مزید 56 ارب روپے کا بوجھ اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آج کی تاریخ میں پیٹرول فی لیٹر 544 روپے ہونا چاہیے تھا جو حکومت آپ کو 322 روپےمیں دے رہی ہے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹرقیمت 790 روپے ہونی چاہیے تھی جو حکومت آپ کو 335 روپے میں فراہم کررہی ہے۔
وزیراعظم نے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت توانائی کی فراہمی کے سلسلے میں اقدامات جاری رکھے گی اور مارکیٹ میں توازن قائم رکھنے کے لیے حکمت عملی بروئے کار لائی جائے گی۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو برقرار رکھنے کا فیصلہ عوامی مفاد اور معاشی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک طرف اپنے قومی مفادات کے تحفظ اور عوام کو عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی قیمتوں کے اثرات سے بچانے کے لیے اقدامات کر رہا ہے، جبکہ دوسری جانب خطے میں امن کے قیام کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں جاری ہیں۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان موجودہ صورتحال میں دو اہم محاذوں پر سرگرم ہے۔ ایک طرف حکومت عوام کو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافے کے اثرات سے بچانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب سفارتی سطح پر جنگ کے خاتمے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں جاری کشیدگی کو کم کرنے اور ممکنہ تباہ کن جنگ کو روکنے کے لیے دن رات متحرک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برادر اسلامی ممالک اور پورے خطے کو اس جنگ کے منفی اثرات سے بچانے کے لیے پاکستان سنجیدہ اور مخلصانہ سفارتی کردار ادا کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعی مشاورت، دانشمندی اور باہمی تعاون کے ذریعے ہی پائیدار امن کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔انہوں نے قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں محض بین الاقوامی ذمہ داری نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور امت مسلمہ کے بہترین مفاد کے لیے کی جا رہی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ مسلمان ایک خدا، ایک رسول ﷺ اور ایک قرآن پر ایمان رکھتے ہیں، اس لیے اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ہی چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اس نازک وقت میں اتحاد، صبر اور یکجہتی کا مظاہرہ کرے تاکہ پاکستان خطے میں امن کے قیام میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکے۔