امارات کی دفاعی صلاحیتوں میں تیزی، ایران کے تمام میزائل اور ڈرون مار گرائے
بعض علاقوں میں سنی جانے والی آوازیں دفاعی نظام کی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں اور زمین پر کسی بھی قسم کے نقصان یا اثرات کی تصدیق نہیں ہوئی۔
متحدہ عرب امارات میں ایران کی جانب سے مبینہ طور پر داغے گئے مزید میزائل اور ڈرون حملوں کو فضائی دفاعی نظام نے راستے میں ہی ناکام بنا دیا۔
اماراتی حکام کے مطابق ملک کا ایئر ڈیفنس سسٹم فعال طور پر خطرات کو روک رہا ہے اور تمام آنے والے میزائلوں اور ڈرونز کو انٹرسیپٹ کر لیا گیا ہے۔
وزارت دفاع نے ایک ایڈوائزری میں واضح کیا ہے کہ بعض علاقوں میں سنی جانے والی آوازیں دفاعی نظام کی کارروائیوں کا نتیجہ تھیں اور زمین پر کسی بھی قسم کے نقصان یا اثرات کی تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب وزارت داخلہ اور نیشنل ایمرجنسی، کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں یا محفوظ مقامات پر قیام کریں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی معلومات پر اعتماد کریں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملک کا دفاعی نظام مکمل طور پر فعال ہے اور قومی فضائی حدود کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں سے گریز کریں اور صرف مستند اطلاعات پر انحصار کریں۔