پی ایس ایل11،پشاور زلمی نے راولپنڈی پنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
عبدالصمد نے صرف 11 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جبکہ بریسویل 35 اور عامر جمال 17 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے تیسرے میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے راولپنڈی پنڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
راولپنڈی پنڈیز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ یاسر خان نے 83 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان نے 41 رنز اسکور کیے۔ کامران غلام نے 37، ڈیرل مچل نے 23 اور سیم بلنگز نے 18 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی جانب سے علی رضا نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ آرون ہارڈی اور عامر جمال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 215 رنز کا ہدف آخری اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
کپتان بابر اعظم نے 39 اور محمد حارث نے 47 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔ بعدازاں عبدالصمد، مائیکل بریسویل اور عامر جمال کی جارحانہ بیٹنگ نے میچ کا رخ پلٹ دیا۔
عبدالصمد نے صرف 11 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جبکہ بریسویل 35 اور عامر جمال 17 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے، جس کی بدولت پشاور زلمی نے میچ اپنے نام کیا۔