دشمنوں کو اپنی سرزمین استعمال نہ کرنے دیں،ایران کا خلیجی ممالک کو سخت انتباہ

اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے یا معاشی مراکز کو کسی ملک کی سرزمین سے نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔

               
March 28, 2026 · بام دنیا

ایران کے صدر مسعود پزیشکیان نے خلیج تعاون کونسل کی جانب سے امریکا سے کیے گئے مطالبے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے خطے کے ممالک کو واضح پیغام دیا ہے۔

اپنے سوشل میڈیا بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ اگر خطے کے ممالک ترقی اور سیکیورٹی چاہتے ہیں تو انہیں اپنی سرزمین کو ایران کے خلاف کسی بھی دشمن طاقت کے استعمال سے روکنا ہوگا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے یا معاشی مراکز کو کسی ملک کی سرزمین سے نشانہ بنایا گیا تو اس کا بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ایران جنگ نہیں چاہتا، تاہم جارحیت کی صورت میں دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

دوسری جانب خلیجی ممالک نے امریکا سے مطالبہ کیا ہے کہ صرف جنگ بندی کافی نہیں بلکہ ایران کی عسکری صلاحیتوں کو بھی محدود کیا جائے۔

خطے میں جاری کشیدگی کے باعث صورتحال مزید حساس ہو گئی ہے جبکہ تمام فریقین ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں اور کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔