سوشل میڈیا پر مریم نواز کے خلاف ٹوئٹ، پی سی بی نے نسیم شاہ پر 2 کروڑ جرمانہ عائد کردیا

پی سی بی نے سیم شاہ کے سوشل میڈیا ایڈوائزرکو 'بلیک لسٹ' کرتے ہوئے مستقبل میں بورڈ کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام کرنے پر پابندی لگا دی۔

               
March 30, 2026 · اسپورٹس, اہم خبریں
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے خلاف سینٹرل کنٹریکٹ کی مختلف شقوں اور سوشل میڈیا گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی پر تادیبی کارروائی مکمل کرتے ہوئے ان پر 2 کروڑ روپے کا بھاری جرمانہ عائد کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق نسیم شاہ کو 27 مارچ 2026 کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا تھا، جس میں ان سے حالیہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر جواب طلب کیا گیا تھا۔ نسیم شاہ کے جواب کے جائزے کے بعد آج، 30 مارچ کو تین رکنی تادیبی کمیٹی کے سامنے ان کی ذاتی پیشی ہوئی۔

پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  سماعت کے دوران نسیم شاہ نے اپنی غلطیوں پر غیر مشروط معذرت پیش کی، جسے کمیٹی نے ریکارڈ کا حصہ بنایا۔ یہ بات سامنے آئی کہ نسیم شاہ نے اپنے سوشل میڈیا ایڈوائزر کو پہلے ہی ملازمت سے فارغ کر دیا ہے۔ پی سی بی نے اس ایڈوائزر کو ‘بلیک لسٹ’ کرتے ہوئے مستقبل میں بورڈ کے دائرہ اختیار میں آنے والے کسی بھی کھلاڑی کے ساتھ کام کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔

تمام شواہد اور جوابات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمیٹی نے نسیم شاہ پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ سنایا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ پیشہ ورانہ معیارات، معاہدی ذمے داریوں اور کھیل کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے اور کسی بھی سطح پر نظم و ضبط کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔

واضح رہے کہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی جانب سے متنازع ٹویٹ کیا گیا تھا جس کے بعد ان کے خلاف انکوائری کا آغاز ہوا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق مشروط معافی کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی نسیم شاہ سنٹرل کنٹریکٹ کی مختلف شقوں کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے جس پر ان پر 2 کروڑ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ نسیم شاہ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے وزیر  اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف ٹوئٹ کی گئی تھی۔