فرانس نے بھارت کو رافیل کا سورس کوڈ دینے سے انکار کر دیا

فرانسیسی حکام ان سافٹ ویئر سسٹمز کو نہایت حساس اور کئی سالہ تحقیق کا نتیجہ سمجھتے ہیں، اسی لیے ان پر مکمل کنٹرول برقرار رکھنا چاہتے ہیں، رپورٹ

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

پیرس: ڈیفنس سیکیورٹی ایشیا نامی ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ رافیل طیاروں سے متعلق ایک اہم پیشرفت میں فرانس  نے انڈیا  کو رافیل لڑاکا طیارے کے بنیادی سافٹ ویئر سورس کوڈز تک رسائی دینے سے انکار کر دیا ہے، جسے نئی دہلی کی فضائی خودمختاری کی حکمتِ عملی کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

فرانسیسی کاروباری جریدے L’Essentiel de l’Éco کی رپورٹ کے مطابق یہ انکار خاص طور پر رافیل طیارے کے حساس نظاموں سے متعلق ہے، جن میں Thales RBE2 AESA radar، Modular Data Processing Unit (MDPU) اور SPECTRA electronic warfare suite شامل ہیں۔ یہ تینوں سسٹمز مل کر طیارے کی سینسر فیوژن، بقا کی صلاحیت اور الیکٹرانک جنگی استعداد کا بنیادی ڈھانچہ تشکیل دیتے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فرانسیسی حکام ان سافٹ ویئر سسٹمز کو نہایت حساس اور کئی سالہ تحقیق کا نتیجہ سمجھتے ہیں، اسی لیے ان پر مکمل کنٹرول برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ اس فیصلے کے باعث بھارت رافیل طیاروں میں کسی بھی قسم کی خودمختار تکنیکی تبدیلی یا اپ گریڈ کرنے سے قاصر رہے گا۔

یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارت اپنے ملٹی رول فائٹر ایئرکرافٹ پروگرام کے تحت مزید 114 رافیل طیارے خریدنے پر غور کر رہا ہے۔ اس ممکنہ معاہدے کی مالیت تقریباً 36 ارب امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے، جو جدید دفاعی تاریخ کے بڑے سودوں میں شمار ہو سکتا ہے۔