خلیجِ بنگال میں 4 روز سے سمندر میں پھنسے ماہی گیر بحفاظت ریسکیو

گشتی ٹیم نے سینٹ مارٹن آئی لینڈ کے لائٹ ہاؤس سے تقریباً 6 بحری میل مغرب میں ایک خراب ماہی گیری ٹرالر دیکھا اور ماہی گیروں کی مدد کی۔

               
April 2, 2026 · بام دنیا

بنگلہ دیش میں خلیجِ بنگال میں 4 روز سے سمندر میں پھنسے ماہی گیر بحفاظت ریسکیو کر لیے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش بحریہ کے ترجمان کے مطابق ریسکیو آپریشن 31 مارچ کو معمول کی بحری گشت کے دوران انجام دیا گیا۔ گشتی ٹیم نے سینٹ مارٹن آئی لینڈ کے لائٹ ہاؤس سے تقریباً 6 بحری میل مغرب میں ایک خراب ماہی گیری ٹرالر دیکھا اور فوری کارروائی کے ذریعے ماہی گیروں کی مدد کی۔

ماہی گیروں نے بتایا کہ ان کے ٹرالر کا انجن 27 مارچ کو خراب ہو گیا تھا، جس کے بعد وہ گہرے سمندر میں پھنس گئے اور سمت کا تعین نہیں کر پا رہے تھے۔ اس دوران انہیں خوراک اور پینے کے صاف پانی کی شدید کمی کا سامنا رہا۔

بحریہ کے اہلکاروں نے ماہی گیروں کو سینٹ مارٹن آئی لینڈ پر قائم نیول فارورڈ بیس منتقل کیا، جہاں انہیں خوراک، صاف پانی اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ تمام افراد کی حالت تسلی بخش ہے اور بعد ازاں انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔

بنگلہ دیش بحریہ کا کہنا ہے کہ وہ سمندری حدود میں سیکیورٹی، ماہی گیروں کے تحفظ اور ملکی بلیو اکانومی کے فروغ کے لیے باقاعدگی سے گشت جاری رکھے ہوئے ہیں، اور یہ ریسکیو آپریشن اس کے انسانی ہمدردی کے عزم کا مظہر ہے۔