ترکیہ میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ
صنعتی شعبے کے لیے گیس کی قیمتوں میں 18.61 فیصد جبکہ بجلی کے نرخوں میں 5.8 فیصد اضافہ کیا گیا۔
فائل فوٹو
انقرہ: ترکیہ کی حکومت نے ملک بھر میں بجلی اور قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھاری اضافے کا اعلان کر دیا ہے، جس سے مہنگائی کے بوجھ تلے دبی عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
سرکاری توانائی کمپنی بوٹاس (BOTAS) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، پیداواری اور تقسیم کے اخراجات میں اضافے کے باعث گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی تناسب سے گھروں کے لیے قدرتی گیس کی قیمتوں میں بھی اوسطاً 25 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔
قیمتوں میں اضافے کا بوجھ صرف گھریلو صارفین تک محدود نہیں رہا بلکہ دیگر شعبے بھی اس کی زد میں آئے ہیں۔
صنعتی شعبے کے لیے گیس کی قیمتوں میں 18.61 فیصد جبکہ بجلی کے نرخوں میں 5.8 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
بجلی پیدا کرنے والے کارخانوں کے لیے گیس 19.42 فیصد مہنگی کر دی گئی ،کسانوں اور زرعی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی بجلی کی قیمت میں 24.8 فیصد کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ہے۔
پبلک اور سروسز سیکٹر (لو وولٹیج) کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخ 17.5 فیصد بڑھا دیے گئے ہیں۔
ترک حکام کا موقف ہے کہ عالمی مارکیٹ میں توانائی کے بدلتے ہوئے نرخوں اور مقامی سطح پر تقسیم کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے پیشِ نظر یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ تاہم، ماہرینِ معیشت کا کہنا ہے کہ اس اضافے سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، جس سے عام شہری کی قوتِ خرید براہِ راست متاثر ہوگی۔