رونالڈو کا پینلٹی پر گول سے قبل ’بسم اللہ‘ کہنے کا لمحہ سوشل میڈیا پر وائرل

56ویں منٹ میں انہوں نے پینلٹی پر گول کر کے اسکور 2-3 کیا، اور 73ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری 2-4 کر دی۔

               
April 4, 2026 · اسپورٹس

پرتگالی سپر اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے سعودی کلب النصر کو النجمہ کے خلاف 2-5 سے فتح دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

میچ کے دوران رونالڈو نے دو گول اسکور کیے، جس سے اپنی ٹیم کی برتری مضبوط ہوئی۔ 56ویں منٹ میں انہوں نے پینلٹی پر گول کر کے اسکور 2-3 کیا، اور 73ویں منٹ میں ایک اور گول کر کے ٹیم کی برتری 2-4 کر دی۔

اس شاندار کارکردگی کے بعد رونالڈو کے کیریئر گولز کی تعداد 967 تک پہنچ گئی ہے، اور وہ تیزی سے 1000 گولز کے تاریخی سنگ میل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔

میچ کے دوران ایک لمحہ سوشل میڈیا پر خاص موضوعِ بحث بنا، جب رونالڈو نے پینلٹی سے گول کرنے سے پہلے ’بسم اللہ‘ کہا۔ یہ پہلا موقع نہیں جب رونالڈو نے کسی اسلامی لفظ کا استعمال کیا ہو؛ دسمبر 2025 میں مشرقِ وسطیٰ کے بہترین فٹبالر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کرنے کے بعد اپنی تقریر میں انہوں نے ’انشاءاللہ‘ بھی کہا تھا۔

سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ اگر رونالڈو کچھ عرصہ مزید سعودی عرب میں رہیں تو وہ اسلام قبول کر سکتے ہیں، تاہم خود رونالڈو یا ان کے قریبی ذرائع نے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی۔

رونالڈو کی یہ کارکردگی نہ صرف ان کے کیریئر میں سنگ میل ہے بلکہ فٹبال کے شائقین کے لیے بھی ایک یادگار لمحہ ثابت ہوئی ہے۔