موسیٰ خیل: آسمانی بجلی گرنے سے 65 دنبے ہلاک

علاقہ مکینوں اور متاثرہ شخص نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مالی امداد کا مطالبہ

               
April 4, 2026 · قومی

بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں 65 دنبے ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

مقامی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب موسلا دھار بارش کے دوران اچانک بجلی مویشیوں کے ریوڑ پر آ گری۔ اس حادثے میں 65 دنبے موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ 15 شدید زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد متاثرہ گلہ بان شدید صدمے میں مبتلا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس نے کہا کہ اس حادثے نے اس کا سب کچھ تباہ کر دیا ہے اور یہی مویشی اس کی کل جمع پونجی تھے۔

علاقہ مکینوں اور متاثرہ شخص نے حکومت بلوچستان اور ضلعی انتظامیہ سے فوری مالی امداد کا مطالبہ کیا ہے تاکہ وہ اپنے نقصان کا ازالہ کر سکے اور اپنے خاندان کی کفالت دوبارہ شروع کر سکے۔

حکام کے مطابق متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور امدادی اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے۔