امریکا میں قاسم سلیمانی کی بھتیجی اور پوتی گرفتار
حامدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی اس وقت امیگریشن حکام کی تحویل میں ہیں۔
امریکا میں ایرانی فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کے خاندان سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ان میں سلیمانی کی بھتیجی اور ان کی بیٹی شامل ہیں، جنہیں امیگریشن حکام نے اپنی تحویل میں رکھا ہوا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سینیٹر مارکو روبیو کی جانب سے ان افراد کا قانونی مستقل رہائشی درجہ ختم کیے جانے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ حامدہ سلیمانی افشار اور ان کی بیٹی اس وقت امیگریشن حکام کی تحویل میں ہیں۔
امریکی حکام کا مؤقف ہے کہ مذکورہ خاتون نے سوشل میڈیا پر ایسے بیانات دیے جن میں ایران کی پالیسیوں اور بعض عسکری اقدامات کی حمایت کی گئی۔ اسی بنیاد پر ان کے خلاف کارروائی کی گئی اور اب انہیں ملک بدر کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق اس کیس میں دیگر متعلقہ پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ سلیمانی خاندان کے مزید افراد پر بھی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات طویل عرصے سے کشیدہ ہیں، اور اس نوعیت کے اقدامات کو اسی تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔