اٹلی میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے2 افراد ہلاک۔ 71 لاپتہ

کشتی میں مجموعی طور پر 105 افراد سوار تھے۔بچ جانے والے افراد کی گفتگو

               
April 6, 2026 · بام دنیا

اٹلی کے ساحل کے قریب لیبیا سے یورپ جانے والی تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے2 افراد ہلاک اور 71 لاپتہ ہو گئے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق سمندری سفر پر نظر رکھنے والے نگران اداروں کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ روز ایسٹر کے موقع پر پیش آیا۔متاثرین کو اٹلی کے کوسٹ گارڈز کی کشتی میں منتقل کرنے کے بعد جزیرہ لیمپیڈوسا لے جایا گیا جبکہ 32 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق متاثرہ کشتی اس وقت دو تجارتی کشتیوں کی نظر میں آئی جب وہ وہاں سے گزر رہی تھیں اور ان کے عملے نے اپنے طور پر امدادی کارروائی کی۔ اٹلی کی وزارت داخلہ کی جانب سے واقعے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے جبکہ کوسٹ گارڈ نے بھی فوری طور پر جواب نہیں دیا۔

رپورٹ کے مطابق بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ کشتی میں مجموعی طور پر 105 افراد سوار تھے جن میں سے 71 لاپتہ ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق رواں سال بحیرۂ روم خراب موسم کی وجہ سے بہت متاثر ہوا ہے۔ انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن نے اندازہ لگایا ہے کہ رواں سال بحیرۂ روم کے وسطی حصے میں 683 افراد ہلاک ہوئے جو 2014 کے بعد سے اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔