سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز سے متعلق اہم قرارداد پر آج ووٹنگ متوقع

قرارداد پر ووٹنگ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 8 بجے ہونے کا امکان ہے، جبکہ رکن ممالک کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے۔

               
April 7, 2026 · بام دنیا

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں آبنائے ہرمز سے متعلق اہم قرارداد پر آج ووٹنگ متوقع ہے، جس پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق نئے مسودے میں ایران سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ جہازوں پر حملے بند کرے اور آبنائے ہرمز میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ ڈالنے سے گریز کرے۔ تاہم اس بار قرارداد سے طاقت کے استعمال سے متعلق شق کو نکال دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق اس قرارداد پر ووٹنگ پاکستانی وقت کے مطابق آج رات 8 بجے ہونے کا امکان ہے، جبکہ رکن ممالک کے درمیان مشاورت کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا اپنے سخت بیانات اور دباؤ کے باوجود ایران کا آبنائے ہرمز پر کنٹرول کمزور کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا، جس کے باعث عالمی بحری ٹریفک متاثر ہو رہی ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق ایران اس اہم بحری گزرگاہ کے تحفظ اور کنٹرول کے لیے جدید حکمت عملی استعمال کر رہا ہے، جس میں ساحلی میزائل سسٹمز، تیز رفتار کشتیاں، سمندری بارودی سرنگیں اور ڈرون ٹیکنالوجی شامل ہیں، جو کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔