نیتن یاہو نے ٹرمپ کو جنگ بندی سے گریزکرنے کامشورہ دیا،اسرائیلی عہدیدار

نیتن یاہو نے ممکنہ سیزفائر پر تحفظات کا اظہار کیا، جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ اگر ایران امریکی شرائط تسلیم کرتا ہے تو جنگ بندی ممکن ہو سکتی ہے۔

               
April 7, 2026 · بام دنیا

اسرائیلی ذرائع کے مطابق بنیامن نیتن یاہو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے جنگ بندی سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

ایک اسرائیلی عہدیدار کے دعوے کے مطابق نیتن یاہو نے ممکنہ سیزفائر پر تحفظات کا اظہار کیا، جس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ اگر ایران امریکی شرائط تسلیم کرتا ہے تو جنگ بندی ممکن ہو سکتی ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکی مؤقف میں یہ بات شامل ہے کہ ایران افزودہ یورینیم حوالے کرے اور مستقبل میں اس کی افزودگی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے، اور اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی وزیر داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک بھر سے بڑی تعداد میں شہریوں نے امریکا اور اسرائیل کے خلاف لڑنے کے لیے رجسٹریشن کروائی ہے۔ ان کے مطابق عوام سے اپیل کے بعد محض 10 دنوں میں تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ افراد نے خود کو رجسٹرڈ کیا، اور یہ عمل تاحال جاری ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق مختلف علاقوں سے لوگوں کی تیاری کی ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں، جن میں شہریوں کو ملک کے دفاع کے لیے متحرک دکھایا گیا ہے۔