منڈی بہاؤالدین میں لیبیا سے یورپ جانے والی کشتی ڈوبنے سے 6 نوجوان جاں بحق

حادثے میں تقریباً 30 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

               
April 7, 2026 · بام دنیا

منڈی بہاؤالدین: لیبیا سے اٹلی جانے والی تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ضلع منڈی بہاؤالدین کے 6 نوجوان ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق کشتی میں سوار 105 افراد سمندر میں سفر کر رہے تھے کہ ساحل کے قریب کشتی ڈوب گئی۔ حادثے میں تقریباً 30 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق اور لاپتہ افراد میں تحصیل پھالیہ کے گاؤں ٹھٹہ کدیوالہ کے پانچ نوجوان، طیب عباس، عرفان بشیر، تنویر صادق اور فیضان ساجد شامل ہیں، جبکہ نواحی گاؤں رنمل شریف کا اقبال ارشد اور پنڈی لالہ کا سعد ظفر بھی حادثے کا شکار ہوئے۔

حادثے میں بچ جانے والے عمران اصغر گھمن نے اٹلی پہنچ کر پناہ گزین کیمپ سے اپنے اہل خانہ کو اطلاع دی۔ متاثرہ خاندانوں میں غم کی لہر دوڑ گئی اور اہل علاقہ لاپتہ افراد کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا کر رہے ہیں۔