سوئٹزرلینڈ نے امریکی دفاعی معاہدوں کی ادائیگیاں عارضی طور پر روک دیں
سوئس حکام کو تشویش ہے کہ ان کے فنڈز شفاف طریقے سے استعمال نہیں ہو رہے یا بغیر اجازت استعمال کیے گئے ہیں۔
سوئٹزرلینڈ نے امریکا کے ساتھ دفاعی معاہدوں کے تحت ایف-35 طیاروں اور پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کی ادائیگیاں عارضی طور پر روک دی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ اس خدشے کے بعد کیا گیا کہ سوئٹزرلینڈ کی جانب سے فراہم کردہ فنڈز کو امریکی ملٹری سیلز سسٹم کے تحت دیگر دفاعی مقاصد کے لیے منتقل کیا گیا۔ سوئس حکام کو تشویش ہے کہ ان کے فنڈز شفاف طریقے سے استعمال نہیں ہو رہے یا بغیر اجازت استعمال کیے گئے ہیں۔
اسی تناظر میں سوئٹزرلینڈ نے مزید ادائیگیاں روک کر امریکی حکومت سے وضاحت طلب کر لی ہے۔ اس پیش رفت کے بعد ایف-35 طیاروں اور دیگر دفاعی معاہدوں پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے امریکا اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان دفاعی تعاون میں عارضی کشیدگی پیدا ہونے کا امکان ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کیے جانے کی توقع بھی ظاہر کی جا رہی ہے۔