استنبول: اسرائیلی قونصلیٹ کے قریب فائرنگ، 3 افراد ہلاک

فائرنگ کے واقعے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں،ترک میڈیا

               
فوٹو سوشل میڈیا

فوٹو سوشل میڈیا

اسنبول:ترکیہ کے شہر استنبول میں منگل کے روز اسرائیلی قونصل خانے کی عمارت کے قریب مسلح افراد اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 3 حملہ آور ہلاک جبکہ 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔

مقامی میڈیا اور عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، یہ واقعہ استنبول کے گنجان آباد کاروباری علاقے ‘بشکتاس’ (Besiktas) میں پیش آیا، جہاں ‘بیوک دیرے’ اسٹریٹ پر واقع ‘یاپی کریڈی پلازا’ (Yapi Kredi Plaza) کی ساتویں منزل پر اسرائیلی قونصل خانہ موجود ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور وہاں موجود ہزاروں ملازمین اور شہریوں نے اپنی جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات پر پناہ لی۔

ترک حکام کا کہنا ہے کہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے عمارت اور ارد گرد کے حساس علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ زخمی ہونے والے دو پولیس اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق حملہ آوروں کی شناخت اور حملے کے پیچھے محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس وقت ترکیہ میں کوئی اسرائیلی سفارت کار موجود نہیں۔