پی ایس ایل 11:کراچی میں پہلا میچ آج، اسٹیڈیم کے اطراف کھلے مین ہولز انتظامیہ کے لیے چیلنج

شہری سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی مرتب کیا گیا ہے، تاہم شہر میں لیگ کے حوالے سے بڑی تشہیری مہم نہیں دیکھی گئی۔

               
April 8, 2026 · اسپورٹس

 کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کا دوسرا مرحلہ آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہو رہا ہے، جہاں انتظامیہ نے تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے۔

پی ایس ایل کے اس مرحلے میں 28 اپریل تک کراچی میں 22 میچز کھیلے جائیں گے، جن میں 6 ڈبل ہیڈرز اور 10 سنگل مقابلے شامل ہیں۔ پہلے روز نئی فرنچائز حیدرآباد کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان دلچسپ ٹاکرا متوقع ہے، جبکہ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ بھی میدان میں اتریں گے۔

انتظامیہ نے میچز کے پرامن انعقاد کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور تمام ٹیموں کو وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ بغیر چھتوں والے انکلوژرز کی صفائی مکمل کر دی گئی ہے، براڈ کاسٹرز نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مناظر کو دلچسپ بنایا جائے گا۔

نئی مرکزی عمارت پر پی سی بی، پی ایس ایل اور تمام ٹیموں کے جھنڈے آویزاں کر دیے گئے ہیں۔ شہری سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی مرتب کیا گیا ہے، تاہم شہر میں لیگ کے حوالے سے بڑی تشہیری مہم نہیں دیکھی گئی۔

انتظامیہ کے لیے ایک اہم مسئلہ اسٹیڈیم کے اطراف کھلے ہوئے مین ہولز ہیں، جو انسانی جانوں کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں اور انتظامی بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

پی ایس ایل کے میچز میں وکٹیں بہترین کنڈیشنز میں تیار کی گئی ہیں، جس سے بولرز اور بیٹرز دونوں کے لیے سنسنی خیز مقابلے متوقع ہیں۔ شائقین کو چوکوں اور چھکوں کی بھرپور برسات دیکھنے کو ملے گی۔