اسرائیل کسی بھی وقت دوبارہ کارروائی کرسکتا ہے،نیتن یاہو کی دھمکی

اسرائیل کے پاس اب بھی کئی اہداف باقی ہیں، جنہیں یا تو معاہدے کے ذریعے یا پھر نئی کارروائی کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔

               
April 9, 2026 · بام دنیا

 بنیامین نیتن یاہو نے اسرائیلی عوام سے خطاب کرتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ ایران کے ساتھ حالیہ کشیدگی میں تمام اہداف حاصل نہیں ہو سکے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کسی بھی وقت دوبارہ کارروائی کے لیے تیار ہے۔

یروشلم میں جاری کیے گئے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے پاس اب بھی کئی اہداف باقی ہیں، جنہیں یا تو معاہدے کے ذریعے یا پھر نئی کارروائی کے ذریعے حاصل کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج ہر ممکن صورتحال کے لیے تیار ہے اور “انگلی ٹریگر پر ہے”۔

وزیرِ اعظم نے دعویٰ کیا کہ اس مہم کے دوران اسرائیل نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور ملک پہلے سے زیادہ مضبوط ہو چکا ہے، جبکہ ایران کو کمزور قرار دیا۔ انہوں نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محاذ پر موجود فوج اور پیچھے کھڑی قوم نے مل کر یہ نتائج حاصل کیے ہیں۔

امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے نیتن یاہو نے کہا کہ یہ پیش رفت اسرائیل کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے ہوئی اور انہیں اس حوالے سے آخری لمحات میں کوئی حیرت نہیں ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جنگ بندی کو مہم کا اختتام نہیں بلکہ ایک مرحلہ سمجھا جانا چاہیے، اور اسرائیل اپنے باقی اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن راستہ اختیار کرے گا۔