لبنان کا پاکستان سے جنگ بندی میں شمولیت کی تصدیق کا مطالبہ

لبنانی وزیراعظم نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ وہ اس بات کی تصدیق کریں کہ جنگ بندی کا معاہدہ لبنان پر بھی لاگو ہوگا، اعلامیہ

               
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد/بیروت : لبنانی وزیراعظم نواف سلام نے اپنے پاکستانی ہم منصب شہباز شریف سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ایران اور عالمی قوتوں کے درمیان جاری حالیہ جنگ بندی کے مذاکرات میں لبنان کی شمولیت کی تصدیق مانگ لی ہے۔ یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب لبنان پر اسرائیلی حملوں میں ایک ہی روز میں 200 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

لبنانی وزیراعظم کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق نواف سلام نے خطے میں امن اور جنگ بندی کے لیے اسلام آباد کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں اور تصدیق کریں کہ جنگ بندی کا معاہدہ لبنان پر بھی لاگو ہوگا، تاکہ لبنانی عوام پر ہونے والے اسرائیلی حملوں کا سلسلہ مستقل طور پر بند ہو سکے۔

دوسری جانب صورتحال اس وقت پیچیدہ ہوگئی جب اسرائیل اور امریکہ نے واضح کیا کہ لبنان اس جنگ بندی کا حصہ نہیں ہے، جس کے بعد اسرائیل نے لبنان میں اپنی عسکری کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔

اس کے برعکس، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران لبنان کو “جنگ بندی کا اٹوٹ انگ” سمجھتا ہے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ اگر لبنان کو معاہدے سے باہر رکھا گیا تو ایران کی جانب سے “شدید ردعمل” سامنے آئے گا۔