خواجہ آصف کی ٹویٹ پر اسرائیل کی تلملاہٹ دیدنی ،ریمارکس ناقابل برداشت قرار۔ ایران جنگ میں ثالثی کا بھی حوالہ
وزیر دفاع نے صیہونی ریاست کو لعنت اور ناسور کہا تھا۔ جہنم کا ایندھن بنیں کے الفاظ استعمال کیے
اسرائیلی وزیرِ اعظم کے دفتر نے پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ آصف کے بیان پر تلملا کر مذمت جاری کر دی۔
اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے ویریفائیڈ آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر لکھا کہ پاکستان کے وزیر دفاع کی اسرائیل کی تباہی کا مطالبہ انتہائی غیر معمولی اور ناقابل قبول ہے۔ یہ کوئی ایسی بات نہیں جسے کسی بھی حکومت سے برداشت کیا جا سکے، خاص طور پر اس حکومت سے نہیں جو خود کو امریکہ، ایران اور اسرائیل کے درمیان تنازعات میں غیر جانب دار امن ثالث ہونے کا دعویٰ کرتی ہے۔
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہاتھا کہ اسرائیل انسانیت کے لیے ایک لعنت اور برائی ہے، جب اسلام آباد میں امن کی بات چیت جاری ہے، لبنان میں نسل کشی کی جا رہی ہے۔ معصوم شہری اسرائیل کے ہاتھوں مارے جا رہے ہیں، پہلے غزہ، پھر ایران اور اب لبنان، خونریزی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہے۔
خواجہ آصف کی ٹویٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ میں دعا کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ جن لوگوں نےیورپی یہودیوں سے نجات پانے کے لیے فلسطینی سرزمین پر اس کینسر جیسی ریاست کو پیدا کیا، وہ جہنم کا ایندھن بنیں۔