عالمی ترقیاتی مالی رجحانات خطرناک سمت جا رہے ہیں۔ اقوامِ متحدہ

کئی شعبوں میں پیش رفت رکنے کے ساتھ ساتھ الٹ سمت میں جا رہی ہے۔

               
April 10, 2026 · بام دنیا

اقوامِ متحدہ کی ایک نئی رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ عالمی سطح پر ترقیاتی مالیات کے رجحانات درست سمت میں نہیں جا رہے، بلکہ کئی شعبوں میں پیش رفت رکنے کے ساتھ ساتھ الٹ سمت میں جا رہی ہے۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کمزور عالمی تعاون، بڑھتی ہوئی تجارتی رکاوٹوں ، سیاسی و جغرافیائی کشیدگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ترقی پذیر ممالک کو شدید مالی دباؤ کا سامنا ہے۔ خاص طور پر غریب اور کمزور ممالک کو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے درکار فنڈز میں بڑی کمی کا سامنا ہے۔

اقوامِ متحدہ کی نائب سیکرٹر ی جنرل آمنہ محمدنے کہا کہ عالمی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں، بصورت دیگر اب تک کی گئی محنت ضائع ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق “سیویلا کمٹمنٹ” پر عملدرآمد عالمی تعاون کو فروغ دینے اور ضروری مالی وسائل فراہم کرنے کا بہترین موقع ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو بڑھتے ہوئے قرضوں، کم ہوتی بیرونی امداد، کم سرمایہ کاری اور بلند شرح سود جیسے مسائل کا سامنا ہے، جبکہ 2024 میں قرضوں کی ادائیگی 20 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔