کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو شکست دیدی
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈییز کی ٹیم121رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی :پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 11 کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو 61 رنز سے شکست دیدی۔
183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں راولپنڈییز کی ٹیم121رنز پر ڈھیر ہو گئی، کپتان محمد رضوان اننگز کے آغاز میں ہی صرف ایک گیند کے مہمان ثابت ہوئے اور جہانداد خان کی گیند پر روسو کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان کا صفر پر آؤٹ ہونا پوری ٹیم کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔
عثمان خواجہ (7 رنز) حسن نواز کی شاندار فیلڈنگ کے باعث رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
یاسر خان نے 22 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی ابرار احمد کے اسپن جادو کا شکار ہو گئے۔
ڈیرل مچل (30 رنز) نے کریز پر وقت تو گزارا لیکن ان کی سست رفتار بیٹنگ نے ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا۔
سعد مسعود نے 19 گیندوں پر 31 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر مجموعے کو کچھ سہارا دیا۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 3 زوردار چھکے بھی رسید کیے، لیکن دوسرے اینڈ سے مسلسل وکٹیں گرنے کی وجہ سے وہ اکیلے لڑتے رہے۔
کوئٹہ کی جانب سے سعود شکیل اور عثمان طارق نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 2-2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ جہانداد خان نے بھی دو اہم کھلاڑیوں کو ٹھکانے لگایا۔ راولپنڈی کے آخری بلے باز محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہو گئے۔
قبل ازیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں راولپنڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 182 رنز بنائے۔
کپتان سعود شکیل نے 42، رئیلی روسو 53، حسن نواز 39، سیم ہارپر 8 اور خواجہ نافع نے 6 رنز بنائے جبکہ جہانداد خان 21 اور کاشف 1 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
راولپنڈیز کی جانب سے بین سیرز اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مدثر خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔