جے ڈی وینس کا طیارہ تاخیر سے کیوں پہنچا؟

امریکی وفد کو اسلام آباد میں صبح 7 بجے پہنچنا تھا، تاہم پرواز مقررہ وقت سے تاخیر کا شکار ہوئی،بعد ازاں طیارہ 10:33 بجے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کر گیا

               
April 11, 2026 · بام دنیا

اسلام آباد میں ایران سے جنگ بندی مذاکرات کے لیے آنے والے امریکی نائب صدر کے خصوصی طیارے کی آمد میں ساڑھے 3 گھنٹے کی تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق امریکی وفد کو اسلام آباد میں صبح 7 بجے پہنچنا تھا، تاہم پرواز مقررہ وقت سے تاخیر کا شکار ہوئی اور بعد ازاں طیارہ 10:33 بجے نور خان ایئر بیس پر لینڈ کر گیا۔

تفصیلات کے مطابق سی-32 اے طیارہ میری لینڈ سے روانہ ہوا اور مجموعی طور پر تقریباً 14 گھنٹے 20 منٹ کا سفر طے کیا۔ دورانِ سفر طیارے نے فرانس کے شہر پیرس میں تقریباً ڈھائی گھنٹے کا اسٹاپ اوور بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق طیارے نے روایتی فضائی راستے کے بجائے مختلف متبادل روٹس اختیار کیے اور مشرق وسطیٰ کی فضائی حدود کو بڑی حد تک نظر انداز کیا۔ پرواز جارجیا، آذربائیجان، ترکمانستان، ازبکستان اور تاجکستان کے راستے پاکستان پہنچی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ طیارہ چترال کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا، جہاں پاک فضائیہ کی جانب سے خصوصی استقبال بھی کیا گیا، جس کے بعد یہ نور خان ایئر بیس پر لینڈ کر گیا۔

ایوی ایشن ماہرین کے مطابق اس طویل اور تبدیل شدہ روٹ کی وجوہات سیکیورٹی پروٹوکول اور فلائٹ پلاننگ سے منسلک ہو سکتی ہیں۔