باقر قالیباف کون ہیں؟
چار مرتبہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں، تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ وہ 2005، 2013، 2017 اور 2024 کے صدارتی انتخابات میں امیدوار رہے۔
اسلام آباد میں ایران کی جانب سے جاری مذاکراتی عمل میں مرکزی کردار ادا کرنے والے باقر قالیباف ایک اہم سیاسی اور عسکری پس منظر کے حامل رہنما ہیں۔
محمد باقر قالیباف کی عمر 64 سال ہے اور وہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ماضی میں تہران کے میئر بھی رہ چکے ہیں جبکہ اپنی جوانی میں پاسدارانِ انقلاب کے ایک کمانڈر کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
قالیباف چار مرتبہ ایران کے صدارتی انتخابات میں حصہ لے چکے ہیں، تاہم انہیں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔ وہ 2005، 2013، 2017 اور 2024 کے صدارتی انتخابات میں امیدوار رہے۔
تعلیمی لحاظ سے انہوں نے سیاسی جغرافیہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے۔ ان کا شمار ایران کی ان سیاسی شخصیات میں ہوتا ہے جو ملکی سیاست کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر بھی سرگرم رہے ہیں۔
تہران کے میئر کے طور پر اپنے دور میں انہوں نے شہری ترقی اور بین الاقوامی روابط کو فروغ دینے پر توجہ دی۔ وہ مختلف عالمی فورمز میں بھی ایران کی نمائندگی کرتے رہے ہیں اور ماضی میں مغربی میڈیا کو دیے گئے انٹرویوز میں ایران کے بارے میں اعتماد اور بات چیت پر مبنی مؤقف کی حمایت کرتے رہے ہیں۔
ان کے بارے میں بعض خفیہ سفارتی رپورٹس میں یہ بھی ذکر ملتا ہے کہ وہ ایران کی سیاسی اسٹیبلشمنٹ میں اہم اثر و رسوخ رکھتے ہیں، تاہم اپنی انتخابی مہمات میں انہیں کامیابی حاصل نہیں ہو سکی۔