بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا

بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوشل مینڈس کے ساتھ دوسری وکٹ پر 109 رنز کی شراکت قائم کی

               
April 11, 2026 · اسپورٹس

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا، انہوں نے عالمی سطح پر ویرات کوہلی اور کرس گیل کا اہم ریکارڈ برابر کر دیا۔

پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ کے دوران بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوشل مینڈس کے ساتھ دوسری وکٹ پر 109 رنز کی شراکت قائم کی۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی 46ویں سنچری پارٹنرشپ تھی۔

اس کارنامے کے ساتھ بابر اعظم دنیا کے ان کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں جنہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ مرتبہ 100 یا اس سے زائد رنز کی شراکت بنائی۔ اس سے قبل یہ اعزاز ویرات کوہلی اور کرس گیل کے پاس تھا، جنہوں نے بھی 46، 46 سنچری پارٹنرشپس قائم کیں۔

اہم بات یہ ہے کہ بابر اعظم نے یہ سنگ میل کم اننگز میں حاصل کیا۔ انہوں نے صرف 339 اننگز میں یہ ریکارڈ برابر کیا، جبکہ کرس گیل نے 455 اور ویرات کوہلی نے 400 اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔

دوسری جانب بابر اعظم نے پاکستان سپر لیگ میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے 4000 رنز مکمل کر لیے ہیں، اور وہ لیگ کی تاریخ میں یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

بابر اعظم کی یہ مسلسل کارکردگی انہیں دنیا کے صفِ اول کے بیٹرز میں مزید مضبوطی سے کھڑا کرتی ہے۔