لبنان، اسرائیلی حملے میںشہید اہلکاروں کی نمازِ جنازہ ادا
ہزاروں شہریوں، سرکاری حکام اور سیکیورٹی اہلکاروں نے شرکت کی۔
لبنان کے جنوبی شہر نباطیہ میں اسرائیلی فضائی حملوں میں شہید ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی اجتماعی نمازِ جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں ہزاروں شہریوں، سرکاری حکام اور سیکیورٹی اہلکاروں نے شرکت کی۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے نباطیہ میں ایک سرکاری کمپلیکس اور اسٹیٹ سیکیورٹی دفتر کے قریب فضائی حملے کیے، جس کے نتیجے میں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ ان حملوں میں کم از کم 13 اہلکار شہید جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
اجتماعی نمازِ جنازہ کے موقع پر فضا انتہائی سوگوار رہی۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور حملوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔
لبنانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ حملہ ریاستی اداروں کو نشانہ بنانے کے مترادف ہے، جس سے خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے آغاز کے باوجود اسرائیل کی جانب سے لبنان پر بڑے پیمانے پر فضائی حملے کیے گئے، جن میں بڑی تعداد میں جانی نقصان ہوا۔ بعد ازاں امریکی صدر نے بنیامین نیتن یاہو سے رابطہ کر کے حملوں کی شدت کم کرنے پر زور دیا تاکہ جنگ بندی متاثر نہ ہو سکے۔