اقوام متحدہ کا اسلام آباد مذاکرات کا خیرمقدم، فریقین سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں
یہ مذاکرات ایک اہم سفارتی پیش رفت ہیں اور دونوں فریقین کو چاہیے کہ وہ خلوص نیت کے ساتھ بات چیت کریں
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری مذاکرات کا خیرمقدم کرتے ہوئے فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ اس سفارتی موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ مذاکرات ایک اہم سفارتی پیش رفت ہیں اور دونوں فریقین کو چاہیے کہ وہ خلوص نیت کے ساتھ بات چیت کریں تاکہ دیرپا اور جامع معاہدہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کو یہ سنہری موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے اور مذاکرات کو تعمیری انداز میں آگے بڑھانا چاہیے۔
یاد رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات کا آغاز ہوا ہے جس کا مقصد حالیہ کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والے بحران کو سفارتی طریقے سے حل کرنا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی کوششوں سے فریقین کے درمیان جنگ بندی پر بھی اتفاق ہوا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچے جہاں یہ مذاکرات جاری ہیں۔