راولپنڈی کے تھانہ کلرسیداں کی پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر کے چھینی گئی رقم، سامان اور اسلحہ برآمد کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ گھروں میں داخل ہو کر اسلحے کے زور پر شہریوں کو لوٹتا تھا۔ گرفتار ملزم سے 11 ہزار 500 روپے نقدی، ہئیر ڈرائیر اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ برآمد کیا گیا ۔
ایس پی صدر انعم شیر نے بتایا کہ گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زیر حراست ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا، شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے اور ان کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔