ایران کے میزائل ذخائر اور ایٹمی پروگرام دونوں محفوظ ہیں، امریکی اخبار
آبنائے ہرمز کے ذریعے امریکہ پر دباؤ ڈالنے کا ایک اور ذریعہ بھی مل گیا، وال اسٹریٹ جرنل، چین میزائل دفاعی نظام فراہم کرے گا،بلوم برگ
ایرانی ایٹمی تنصیبات
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران شدید امریکی اور اسرائیلی بمباری کے باوجود اپنے میزائل ذخائر اور ایٹمی پروگرام کے اہم حصوں کو محفوظ رکھنے میں کامیاب رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ماہرین اور حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی وہ بنیادی وسائل موجود ہیں جن کی مدد سے وہ جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت برقرار رکھتا ہے، جس سے مذاکرات میں اسے مزید برتری حاصل ہو سکتی ہے۔
ادھر آبنائے ہرمز پر کنٹرول کے باعث ایران کو معاشی دباؤ ڈالنے کا ایک مضبوط ذریعہ بھی حاصل ہو گیا ہے، جبکہ امریکہ اور اسرائیل کی طویل عرصے سے کوشش رہی ہے کہ تہران کو ایٹمی ہتھیار حاصل کرنے سے روکا جائے۔ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات اس وقت تعطل کا شکار ہوئے جب ایران نے مستقبل میں جوہری ہتھیار نہ بنانے کی یقین دہانی کرانے سے انکار کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے پاس اب بھی ہزاروں بیلسٹک میزائل موجود ہیں، جنہیں زیرِ زمین محفوظ لانچرز کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہ معلومات امریکی انٹیلیجنس جائزوں کی بنیاد پر سامنے آئی ہیں۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ جنگ بندی کو مستحکم بنانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر کھولی جا سکے اور خطے میں مزید حملوں سے بچاؤ ممکن ہو۔
دوسری جانب اس سے قبل بلوم برگ نے رپورٹ کیا تھا کہ چین ایران کو جدید میزائل دفاعی نظام فراہم کرنے کی تیاری کر رہا ہے، جن میں کندھے پر رکھ کر چلائے جانے والے مین پیڈز (MANPADS) شامل ہیں، جو طیاروں کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔