اسلام آباد مذاکرات کی ناکامی: صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کی مکمل ناکہ بندی کا اعلان
امریکی افواج کو ہدایت دے دی وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر قسم کے بحری جہاز کو روکین، امریکی صدر
فائل فوٹو
واشنگٹن / اسلام آباد : امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کسی نتیجے کے بغیر ختم ہونے کے چند گھنٹے بعد، صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کی مکمل فوجی ناکہ بندی کا سخت ترین انتباہ جاری کر دیا ہے۔
اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ (Truth Social) پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے امریکی افواج کو ہدایت دے دی ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر قسم کے بحری جہاز کو روکنے (Blockading) کا عمل فوری طور پر شروع کر دیں۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکی بحریہ ان تمام بحری جہازوں کو روکے گی جو آبنائے ہرمز میں داخل ہونے یا وہاں سے نکلنے کی کوشش کریں گے۔
یہ اعلان نائب صدر جے ڈی وینس کی قیادت میں اسلام آباد میں ہونے والے 21 گھنٹے طویل مذاکرات کی ناکامی کے بعد سامنے آیا ہے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔
صدر نے امریکی نیوی کو حکم دیا کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں ان تمام جہازوں کو روکیں جنہوں نے ایران کو “ٹول ٹیکس” ادا کیا ہے۔ انہوں نے اسے “غیر قانونی ٹیکس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو بھی ایران کو ادائیگی کرے گا، اسے سمندروں میں محفوظ راستہ نہیں ملے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ “تمام جہازوں کو آنے اور جانے کی اجازت ہو”، لیکن جب تک ایران اس پر راضی نہیں ہوتا، امریکہ سختی سے ناکہ بندی برقرار رکھے گا۔