پی ایس ایل11: حیدرآباد کنگزمین کی لگاتار دوسری فتح
حیدر آباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ سے ملا 154 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
فوٹو سوشل میڈیا
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کی نئی فرنچائز حیدر آباد کنگزمین نے لگاتار دوسری فتح اپنے نام کرلی، اسلام آباد یونائیٹڈ کو 6 وکٹ سے ہرا دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے سیزن 11 کے 21ویں میچ میں حیدر آباد کنگزمین نے اسلام آباد یونائیٹڈ سے ملا 154 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
حیدرآباد کنگزمین کے اوپننگ بیٹر اور کپتان لبوشین نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انہوں نے معاذ صداقت، صائم ایوب، عثمان خان اور کوشل پریرا کو آؤٹ ہوتے دیکھا۔
لبوشین نے 5ویں وکٹ پر گلین میکسویل کے ہمراہ 42 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔
حیدرآباد کی طرف سے معاذ صداقت نے 30، صائم ایوب نے 35، عثمان خان 1 اور کوشل پریرا 2 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ میکسویل نے ناقابلِ شکست 21 رنز اسکور کیے۔
اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے حیدرآباد کنگز مین کو 154 رنز کا ہدف دیا تھا، یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 153 رنز بنائے، ڈیون کانوے نے 45 اور مارک چپمین 42 رنز کی نمایاں باری کھیلی۔
سمیر منہاس 22، محمد فائق 18، حیدر علی 6، فہیم اشرف 5، عماد وسیم 2، مہران ممتاز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
حیدرآباد کے آصف محمود نے آخری اوور میں 4 وکٹیں لیں جبکہ محمد علی نے 2 اور میکسویل نے 1 وکٹ اپنے نام کی۔