خلیجی بندرگاہیں سب کے لیے یا کسی کے لیے نہیں ہونگی۔ایران کا دوٹوک اعلان
مسلح افواج اپنے ملک کے قانونی حقوق کا دفاع اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں
ایرانی مسلح افواج کی مشترکہ کمان نے کہا ہے کہ خلیج فارس اور بحیرۂ عمان کی بندرگاہیں“سب کے لیے ہوں گی یا کسی کے لیے نہیں ہونگی۔
سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق بیان میں کہا گیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج اپنے ملک کے قانونی حقوق کا دفاع اپنی ذمہ داری سمجھتی ہیں، اور علاقائی پانیوں میں خودمختاری کا استعمال ایرانی قوم کا فطری حق ہے۔
ایرانی افواج کے مطابق ایران آبنائے ہرمز کی سیکورٹی کو یقینی بناتا رہے گا، تاہم دشمن سے وابستہ جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ دیگر جہازوں کو ایران کے طے کردہ ضوابط کے تحت گزرنے کی اجازت ہوگی۔
ایرانی مسلح افواج نے خبردار کیا کہ دشمن کی جانب سے مسلسل دھمکیوں کے پیش نظر جنگ کے خاتمے کے بعد بھی آبنائے ہرمز کے کنٹرول کے لیے مستقل نظام نافذ کیا جائے گا۔
انہوں نے امریکی اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں جہازوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کرنا غیر قانونی عمل اور سمندری قزاقی کے مترادف ہے۔