یوگنڈا آرمی چیف کا ترکیہ سے 1 ارب ڈالر اور خوبصورت خاتون کا عجیب مطالبہ

علاقائی سلامتی میں یوگنڈا کے کردار کو مناسب طور پر تسلیم نہیں کیا گیا، جس کے بدلے میں مالی معاوضہ ضروری ہے۔

               
April 13, 2026 · بام دنیا

کمپالا: یوگنڈا کے آرمی چیف مہوزی کائنروگابا نے ترکیہ سے ایک ارب ڈالر اور شادی کے لیے “سب سے خوبصورت خاتون” کے رشتے کے مطالبے کے بعد عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

رپورٹس کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ علاقائی سلامتی میں یوگنڈا کے کردار کو مناسب طور پر تسلیم نہیں کیا گیا، جس کے بدلے میں مالی معاوضہ ضروری ہے۔

ان کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں بندرگاہوں اور دیگر بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سے ترکیہ کو بھاری منافع حاصل ہو رہا ہے، جبکہ ان منصوبوں کی سکیورٹی کی ذمہ داری گزشتہ کئی برسوں سے یوگنڈا کے فوجی ادا کر رہے ہیں۔

مہوزی کائنروگابا نے مؤقف اختیار کیا کہ یوگنڈا کو اس “سکیورٹی خدمات” کے بدلے ایک ارب ڈالر بطور “سکیورٹی ڈیویڈنڈ” ادا کیے جائیں، بصورت دیگر ترکیہ سے سفارتی تعلقات ختم کرنے اور کمپالا میں موجود سفارتخانہ بند کرنے کی دھمکی بھی دی۔

انہوں نے مزید متنازع بیان دیتے ہوئے ترکیہ کے ساتھ تعلقات کی بحالی کے لیے ذاتی نوعیت کا مطالبہ بھی کیا، جس نے مختلف حلقوں میں حیرت اور بحث کو جنم دیا ہے۔

دوسری جانب ان بیانات پر تاحال ترکیہ کی حکومت کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

واضح رہے کہ مہوزی کائنروگابا اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اکثر غیر معمولی اور متنازع بیانات کی وجہ سے خبروں میں رہتے ہیں۔