آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے کانفرنس بلائیں گے، برطانوی وزیراعظم کا اعلان
برطانیہ نے 40 سے زائد ممالک کو اس عمل میں شامل کیا ہے اور اس ہفتے فرانس کے ساتھ مشترکہ سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے،
لندن: برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے اور بحری راستوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس بلائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے عالمی شپنگ متاثر ہوئی ہے اور اس کے نتیجے میں مہنگائی اور لاگتِ زندگی میں اضافہ ہوا ہے، جس سے دنیا بھر کی معیشت دباؤ کا شکار ہے۔
وزیراعظم کے مطابق برطانیہ نے 40 سے زائد ممالک کو اس عمل میں شامل کیا ہے اور اس ہفتے فرانس کے ساتھ مشترکہ سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے،
جس کا مقصد بحری راستوں کو محفوظ اور کھلا رکھنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس کانفرنس میں آبنائے ہرمز کو دوبارہ فعال بنانے اور عالمی تجارت کی روانی بحال کرنے کے اقدامات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سفارتی سطح پر مسلسل متحرک ہے اور مختلف ممالک کے ساتھ مل کر عالمی شپنگ روٹس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔