امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے تک پہنچنے کیلیے مذاکرات جاری ، امریکی عہدیدار

واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی حل کے لیے رابطے بھی جاری ہیں۔

               
April 13, 2026 · اہم خبریں, بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا اور ایران کے درمیان کسی معاہدے تک پہنچنے کےلیے مذاکرات جاری ہیں۔

ایک امریکی عہدیدار کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے واشنگٹن اور تہران کے درمیان سفارتی حل کے لیے رابطے بھی جاری ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق عہدیدار کا بیان پاکستان میں ہونے والےمذاکرات کےبعد سامنے آیا ہے جبکہ اس حوالے سے مستقبل میں امریکی اور ایرانی وفود کی ملاقات کا امکان تاحال غیر واضح ہے۔

خیال رہے کہ ہفتے کے روز پاکستان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے مابین اسلام آباد میں مذاکرات کا دور ہوا تھا جس میں ایرانی اور امریکی وفود نے شرکت کی تھی۔

امریکی وفد کی قیادت نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کررہے تھے جبکہ ان کے ساتھ نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی وفد کا حصہ تھے۔ ایرانی وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کررہے تھے جبکہ ان کے ساتھ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر حکام بھی وفد کا حصہ تھے۔

اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ثالثی میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات 24 گھنٹے تک جاری رہے۔

ان کا کہنا تھا انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ہمراہ فریقین کے درمیان کئی ادوار پر مشتمل سنجیدہ اور نتیجہ خیز مذاکرات میں ثالثی کا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ فریقین نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا اور قدر کی، امید ہے دونوں فریق مثبت رویہ برقرار رکھیں گے اور خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے آگے بڑھیں گے۔

نائب وزیر اعظم کا کہنا تھا یہ نہایت ضروری ہے کہ تمام فریقین جنگ بندی کے اپنے عزم پرقائم رہیں، پاکستان، ایران اور امریکا کے درمیان روابط اور مذاکرات کے فروغ کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔