وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا چینی قونصلیٹ کراچی کا دورہ

چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے جلد اسلام آباد میں ایک خصوصی کانفرنس منعقد کی جائے گی

               
April 15, 2026 · اہم خبریں

کراچی: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی قونصلیٹ کراچی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاری، سیکیورٹی اقدامات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اہم بات چیت کی۔

دورے کے دوران چینی قونصل جنرل یانگ یونڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع اور چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت پاکستان میں مقیم چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے خصوصی اقدامات کر رہی ہے اور چینی بزنس کمیونٹی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

انہوں نے اعلان کیا کہ چینی سرمایہ کاروں کے مسائل کے حل کے لیے جلد اسلام آباد میں ایک خصوصی کانفرنس منعقد کی جائے گی، جس میں چینی قونصل جنرل اور کاروباری برادری کو مدعو کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ چینی سرمایہ کار پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور حکومت ان کے لیے کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

چینی قونصل جنرل نے پاکستان کے سیکیورٹی اقدامات اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے حکومت کے کردار کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔