ایف بی آر کے ٹیکس دفاتر ہفتے کو رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے
فیصلے کا اطلاق بڑے ٹیکس دہندگان کے دفاتر (ایل ٹی اوز)، کارپوریٹ ٹیکس دفاتر (سی ٹی اوز) اور علاقائی ٹیکس دفاتر (آر ٹی اوز) پر ہوگا۔
ایف بی آر کے ٹیکس دفاتر ہفتے کو رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے ملک بھر کے بڑے ٹیکس دفاتر کے اوقات کار بڑھا دیے ہیں۔
ایف بی آر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق تمام بڑے ٹیکس دفاتر ہفتہ 31 اکتوبر کو رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔ اس فیصلے کا اطلاق بڑے ٹیکس دہندگان کے دفاتر (ایل ٹی اوز)، کارپوریٹ ٹیکس دفاتر (سی ٹی اوز) اور علاقائی ٹیکس دفاتر (آر ٹی اوز) پر ہوگا۔
اعلامیے میں تمام ایل ٹی اوز، سی ٹی اوز اور آر ٹی اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ہفتے کے روز رات 8 بجے تک دفتری امور جاری رکھیں۔
ایف بی آر نے بینکوں کو بھی ہدایت کی ہے کہ خصوصی کلیئرنگ کی ضرورت پوری ہونے تک اپنی متعلقہ شاخیں کھلی رکھیں تاکہ ٹیکس ادائیگیوں اور کلیئرنگ کے عمل میں رکاوٹ نہ آئے۔
اس حوالے سے ایف بی آر نے اضافی اوقات کار کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔