اٹلی میں گردوارہ کے سابق صدر راجندر سنگھ فائرنگ سے ہلاک

نامعلوم حملہ آوروں نے راجندر سنگھ کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

               
April 19, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

وینس:اٹلی کے شہر کَوُو میں گردوارہ ماتا صاحب کور کے سابق صدر راجندر سنگھ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ 17 اپریل کو اُس وقت پیش آیا جب سکھ برادری خالصہ ڈے نگر کیرتن کی تیاریوں میں مصروف تھی، جو اگلے روز منعقد ہونا تھا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے راجندر سنگھ کو نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے جبکہ تفتیشی ادارے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کر رہے ہیں، ابتدائی طور پر قتل کی وجوہات کے بارے میں کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا۔

راجندر سنگھ ماضی میں گردوارہ ماتا صاحب کور، کَوُو کے صدر رہ چکے تھے اور کمیونٹی میں ایک سرگرم شخصیت کے طور پر جانے جاتے تھے۔ ان کی ہلاکت کی خبر کے بعد مقامی سکھ کمیونٹی میں تشویش اور غم کی لہر دوڑ گئی ہے۔

دوسری جانب کچھ حلقوں کی جانب سے اس واقعے کو مختلف سیاسی تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے، تاہم حکام نے کسی بھی حتمی نتیجے پر پہنچنے سے قبل تحقیقات مکمل ہونے تک قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

مقامی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کے پاس واقعے سے متعلق معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے رابطہ کریں تاکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جا سکے۔