ایران کے خلاف جنگ کے دوران ٹرمپ کی مقبولیت میں نمایاں کمی

63 فیصد امریکییوں نے صدر ٹرمپ کی کارکردگی کو ناپسند کیا ہے۔ امریکی سروے

               
April 20, 2026 · بام دنیا

ایک نئے این بی سی نیوز کے سروے کے مطابق امریکی صدر کی کارکردگی کی مقبولیت 37 فیصد کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، جس کی بڑی وجہ ایران کے خلاف جنگ میں ان کی پالیسی کو قرار دیا جا رہا ہے۔

جاری کیے گئے سروے کے نتائج کے مطابق 63 فیصد امریکییوں نے صدر ٹرمپ کی کارکردگی کو ناپسند کیا، جبکہ 50 فیصد نے شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

اسی سروے میں بتایا گیا کہ 33 فیصد امریکیوں نے صدر کی جنگ سے متعلق پالیسی کی کسی حد تک یا مکمل حمایت کی، جبکہ 67 فیصد نے اس کی سخت یا جزوی مخالفت کی۔

رپورٹ کے مطابق جنگ نے امریکی رائے عامہ کو سیاسی جماعتوں کی بنیاد پر تقسیم کر دیا ہے، جس میں 82 فیصد ڈیموکریٹس اور آزاد ووٹرز نے مخالفت کی جبکہ 74 فیصد ریپبلکنز نے حمایت کی۔

نوجوانوں میں جنگ کی مخالفت زیادہ نمایاں ہے۔ سروے کے مطابق 61 فیصد بالغ افراد نے کہا کہ امریکا کو ایران میں مزید فوجی کارروائی نہیں کرنی چاہیے، جبکہ 30 سال سے کم عمر افراد میں یہ شرح 74 فیصد تک پہنچ گئی۔