ایران میں جاسوسی اور تخریب کاری کے الزام میں 2 افراد کو سزائے موت
اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے منسلک نیٹ ورک کا رکن ہونے کا الزام تھا
ایران کی خبر رساں ایجنسی تسنیم نیوزایجنسی کے مطابق دو افراد کو آج صبح سزائے موت دے دی گئی ہے، جن پر اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد سے منسلک نیٹ ورک کا رکن ہونے کا الزام تھا۔
رپورٹ کے مطابق ان افراد کو خصوصی تربیت حاصل تھی جس میں محفوظ مواصلاتی نظام، حساس مقامات کی نشاندہی اور دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کی تربیت شامل تھی۔
ایجنسی کے مطابق ملزمان نے فوجی اور عوامی مقامات پر آتشزدگی کے حملے بھی کیے اور اپنی کارروائیوں کی ویڈیوز اپنے ہینڈلرز کو کرپٹو کرنسی کے بدلے بھیجتے رہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ یہ نیٹ ورک سکیورٹی اداروں کی نگرانی میں تھا جب اسے تہران میں دو عوامی خدمات اور فوجی مراکز پر حملے کا نیا مشن دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان کو دھماکہ خیز مواد بنانے، بہترین لانچ پوائنٹس کے انتخاب اور حملوں کی ویڈیو ریکارڈنگ کے زاویوں کی تربیت بھی دی گئی تھی۔