وزیراعظم کے دورہ چین پر مشترکہ اعلامیہ جاری

دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیے میں “نئے دور کی بین الاقوامی برادری” کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔

May 26, 2026 · اہم خبریں

اسلام آباد: پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ایک نئی اسٹریٹجک بلندی پر پہنچ گئے ہیں، جہاں دونوں ممالک نے مشترکہ اعلامیے میں “نئے دور کی بین الاقوامی برادری” کے قیام پر اتفاق کیا ہے۔

وزیراعظم پاکستان کے دورہ چین کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں دفاع، سلامتی اور انسداد دہشتگردی تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور دیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے ’’چین پاکستان سکیورٹی پارٹنرشپ‘‘ کے قیام پر بھی اتفاق کیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق چین نے پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لیے غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے جبکہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کردار پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے سی پیک 2.0 کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے، گوادر کو علاقائی رابطہ مرکز بنانے اور خنجراب راہداری کو مزید فعال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اعلامیے میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل معیشت، خلائی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔ پاکستانی خلا بازوں کی چین میں تربیت اور چینی اسپیس اسٹیشن میں شمولیت کے امکانات کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔

چین نے پاکستان کے لیے 2025 سے 2029 کے دوران تین ہزار تربیتی مواقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ پاکستان کے معاشی استحکام اور “اڑان پاکستان” پروگرام کو بھی سراہا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی حمایت دہراتے ہوئے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات پر زور دیا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے دہشتگردی کے خلاف تعاون، ٹی ٹی پی اور ای ٹی آئی ایم جیسے گروہوں کے خلاف واضح مؤقف اپنانے اور عالمی سطح پر یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کا اعادہ کیا ہے۔

چین اور پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا ہے اور مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت پاک چین تعلقات کو ایک جدید، ہمہ جہت اور مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ شراکت داری میں تبدیل کرتی ہے، جو خطے میں سیاسی، معاشی اور تکنیکی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہے۔