امریکامیں مسلح شخص کی خاندان کے6 افراد قتل کرنے کے بعدخودکشی
گھریلو تنازع کے نتیجے میں مسکاتین شہر میں خوفناک فائرنگ کی واردات
واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ تھا، پولیس
امریکی ریاست آئیوا کے شہر مسکاتین میں مسلح شخص نے اپنے خاندان کے چھ افراد کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
مسکاتین پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ یہ واقعہ گھریلو تنازع کا نتیجہ تھا۔ پولیس کو اطلاع ملنے پر اہلکار ایک رہائش گاہ پر پہنچے تو وہاں چار افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد ہوئیں۔
ملزم واردات کے بعد فرار ہو گیا تھا، تاہم بعد ازاں اس کی شناخت 52 سالہ ریان وِلس میک فارلینڈ کے طور پر ہوئی، جو اسی شہر کا رہائشی تھا۔
پولیس چیف انتھونی قیس کے مطابق ملزم کو بعد میں دریا کے کنارے ایک پیدل پل کے قریب تلاش کیا گیا، جہاں اس نے پولیس سے بات چیت کے دوران خود کو گولی مار کر اپنی زندگی ختم کر لی۔
مزید تفتیش کے دوران دو اور لاشیں برآمد ہوئیں، جن کے بارے میں شبہ ہے کہ انہیں بھی ملزم نے قتل کیا۔ ایک لاش قریبی گھر اور دوسری ایک کمرشل عمارت سے ملی۔
پولیس کے مطابق تمام متاثرین کا تعلق ملزم کے خاندان سے تھا، تاہم ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ امریکی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ موجود تھا، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
واضح رہے کہ مسکاتین ایک چھوٹا شہر ہے، جس کی آبادی تقریباً 24 ہزار ہے اور یہ دارالحکومت ڈیس موئنز سے تقریباً 250 کلومیٹر دور واقع ہے۔