امریکا سے رابطے منقطع نہیں ہوئے، ایرانی وزیر خارجہ کی تصدیق
ایران کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی ہے کہ امریکا کے ساتھ رابطے منقطع نہیں ہوئے اور دونوں ممالک کے درمیان تبادلہ کیے گئے متن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
لبنانی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عباس عراقچی نے کہا کہ ایرانی افواج امریکی استعمال کے مقامات پر دفاعی کارروائیاں کر رہی ہیں اور ایران کسی بھی جارحیت کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل کی جانب سے بیروت پر حملہ کیا گیا تو ایران اس کا سخت اور فیصلہ کن ردعمل دے گا۔
اس سے قبل ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان، سعودی عرب، فرانس، ترکیہ، قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطے کیے۔
جاپان میں ایرانی سفارت خانے کے مطابق عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی ٹیلیفونک گفتگو ہوئی ہے۔